قیدیوں کو اشیاخورو نوش کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا
قیدی روز مرہ کی چیزیں گھروں سے منگوانے پر مجبور ،نوٹس لینے کامطالبہ
لا ہور (کرائم رپورٹر )پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو اشیاخورو نوش کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔گزشتہ 6ماہ سے قیدی روز مرہ کی چیزیں گھروں سے منگوانے پر مجبور ہو گئے ۔محکمہ جیل خانہ جات کا تاحال پرائیویٹ سٹورز سے بھی ٹینڈر نہ ہو سکا ہے ۔لاہور سمیت پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے لئے بنائے گئے یوٹیلیٹی سٹورز بند ہو گئے تھے ۔ پنجاب حکومت کی طرف سے یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کی وجہ سے جیلوں میں روزمرہ کی چیزوں کی خریداری کے لیے مسائل پیدا ہوئے تھے ۔مسائل کے حل کے لیے سپرنٹنڈنٹ جیل کی سربراہی میں کمیٹیاں بنائی گئی تھیں،لیکن تاحال مستقل بنیادوں پر جیلوں میں سٹورز نہیں کھل سکے ۔لاہور کی جیلوں میں سٹورز کی بحالی کے لئے 3پرائیویٹ سٹورز نے دلچسپی ظاہر کی ہے ۔جیل حکام کے مطابق آئی جی جیل نے تمام اضلاع کی جیلوں میں متعلقہ پرائیویٹ سٹورز سے رابطہ کرنے کاحکم دیا ہے ۔متعلقہ اضلاع کے سٹورز کوجیلوں میں سپلائی میں آسانی ہوگی۔ جلد تمام اضلاع میں ٹینڈر کراکے سٹورز کے کنٹریکٹ جاری کئے جائیں گے ۔