ریلوے سٹیشن کے سامنے گول چکر کی بہتری کاکام شروع
ٹریفک مینجمنٹ کے لیے جدید ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ریلوے سٹیشن کے سامنے موجود شہر کے سب سے بڑے اور اہم گول چکر کی اپ گریڈیشن پر باقاعدہ کام شروع کر دیا ۔اس منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ کسی گول چکر کو پارکنگ کی سہولت کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا، تاکہ ریلوے سٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک دباؤ کم کیا جا سکے ۔ریلوے سٹیشن اور اس سے ملحقہ علاقوں کی مجموعی اپ گریڈیشن اس اربن ریجنریشن منصوبے کا حصہ ہے ۔ پراجیکٹ کے تحت سڑکوں کی مرمت اور بحالی کی جائے گی، جبکہ عمارتوں کے فساڈ کو جدید انداز میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔ گندگی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ، تاکہ علاقے کو منظم اور بہتر بنایا جا سکے ۔ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے جدید ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے ، سولر لائٹس لگائی جائیں گی اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات کیے جائیں گے ۔انڈر گراؤنڈ وائرنگ کے ذریعے بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو ہٹایا جائے گا، جبکہ بارشی پانی کے نکاس کے لیے سٹروم واٹر ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔