شرح خواندگی:لاہور کا صوبے کے 5بڑے اضلاع میں شمار

شرح خواندگی:لاہور کا صوبے کے 5بڑے اضلاع میں شمار

مری، راولپنڈی اور لاہور تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے نمایاں اضلاع قرار

لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں شرحِ خواندگی کے اعتبار سے اضلاع کی درجہ بندی سامنے آ گئی ہے ، جس میں لاہور کو صوبے کے سرفہرست پانچ بڑے اضلاع میں شمار کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مری، راولپنڈی اور لاہور تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے نمایاں اضلاع قرار پائے ہیں، جبکہ صوبے کے کئی اضلاع اب بھی تعلیمی میدان میں پیچھے ہیں۔رپورٹ کے مطابق لاہور میں شرحِ خواندگی 79 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ، جو صوبائی اوسط سے کہیں زیادہ ہے ۔ ماہرین کے مطابق لاہور میں بہتر تعلیمی انفراسٹرکچر اور تعلیمی سہولیات کی دستیابی اس نمایاں کارکردگی کی بڑی وجہ ہے ۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق مری 84.3 فیصد شرحِ خواندگی کے ساتھ پنجاب میں سرفہرست رہا، جبکہ راولپنڈی 83.2 فیصد اور جہلم 82.1 فیصد کے ساتھ نمایاں اضلاع میں شامل ہیں۔

 اسی طرح گوجرانوالہ میں شرحِ خواندگی 81.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور 79 فیصد کے ساتھ پنجاب کے ٹاپ فائیو اضلاع میں شامل رہا۔دوسری جانب رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فیصل آباد میں شرحِ خواندگی 68.7 فیصد جبکہ ملتان میں 60.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جنوبی پنجاب میں تعلیمی مسائل کی نشاندہی کرتی ہے ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق پاکستان بیورو آف شماریات کی یہ رپورٹ نہ صرف موجودہ صورتحال کی عکاسی کرتی ہے بلکہ صوبے میں تعلیمی عدم توازن دور کرنے کے لیے پالیسی سازی میں ایک اہم دستاویز ثابت ہو سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں