سکولوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز تنخواہوں سے محروم
ادائیگیوں میں تاخیر کے ساتھ متعدد گارڈز کے کنٹریکٹس کی مدت بھی ختم
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث سکیورٹی گارڈز کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعینات سینکڑوں سکیورٹی گارڈز کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں۔سکیورٹی گارڈز روزانہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہو رہے ہیں، تاہم مالی ادائیگیاں تعطل کا شکار ہیں۔ادائیگیوں میں تاخیر کے ساتھ ساتھ متعدد گارڈز کے کنٹریکٹس کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے ، جن میں تاحال توسیع نہیں کی گئی۔تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث سکیورٹی گارڈز شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کئی گارڈز کا کہنا ہے کہ گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم اور روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے ۔سکیورٹی گارڈز کے مطابق جاب پر حاضری کے باوجود تنخواہوں کا نہ ملنا سراسر ناانصافی ہے ۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض کے مطابق سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس میں توسیع کے لیے سمری بھجوا دی گئی ہے ۔ ساٹھ سال سے زائد عمر کے سکیورٹی گارڈز کے کنٹریکٹس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔