ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم نافذ
رواں سال ایک یا دو پرچوں کی ای مارکنگ ، شفافیت آئیگی:چیئرمین آئی بی سی سی
لاہور (خبر نگار)ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ۔ رواں سال پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ایک یا دو پرچوں کی مارکنگ ای مارکنگ کے ذریعے کی جائیگی۔انٹر بورڈ کوآرڈینشن کمیٹی نے تمام تعلیمی بورڈز کو ای مارکنگ پر عملدرآمد کا پابند کر دیا ۔ حکام کے مطابق ای مارکنگ کیلئے خصوصی سافٹ ویئر تمام بورڈز کو مفت فراہم کیا گیا ہے تاکہ مارکنگ کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے ۔چیئرمین آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی نے کہا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد تمام پرچوں کی مارکنگ ای مارکنگ سسٹم کے تحت کی جائیگی۔ اس اقدام سے نتائج میں شفافیت، درستگی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ پنجاب میں رواں سال کمپیوٹر سائنس کے پرچوں کی ای مارکنگ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔