رمضان کارڈ کی ترسیل پر اے سی کیخلاف تحریک استحقاق

رمضان کارڈ کی ترسیل پر اے سی کیخلاف تحریک استحقاق

اے سی شاہکوٹ نے منتخب رکن اسمبلی سے نامناسب سلوک کیا:مؤقف

لاہور(سیاسی نمائندہ)ن لیگی پارلیمنٹیرینز اور بیوروکریسی کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی ایک بار پھر سامنے آ گئی، رمضان نگہبان کارڈ کی ترسیل کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی گئی، تحریک ن لیگ کے چیف وہپ رانا ارشد کی جانب سے جمع کروائی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر نے نہ صرف غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا بلکہ ایک منتخب رکن اسمبلی کے ساتھ نامناسب سلوک بھی کیا، متن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ نے رمضان نگہبان کارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں وقت مانگا جس پر انہیں ہفتہ کا دن دیا گیا تاہم مقررہ وقت پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ متعلقہ افسر چھٹی پر ہیں اور اس بارے میں کوئی پیشگی اطلاع بھی نہیں دی گئی، مزید کہا گیا کہ بعد ازاں متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر کالز کا جواب نہ دیا گیا اور جب رابطہ ہوا تو اسسٹنٹ کمشنر کا رویہ سخت اور نامناسب تھا، متن میں الزام عائد کیا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وہ کسی کی تجویز نہیں مانتیں اور جو ان کی مرضی ہو گی وہی ہو گا جبکہ انہیں اوپر سے احکامات موصول ہیں، مزید یہ کہ نامناسب گفتگو کے بعد فون بھی بند کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں