غیرقانونی شکار کرنیوالے 3شکاریوں کو 2لاکھ جرمانہ
ذبح شدہ جنگلی خرگوش ، موٹر سائیکل ، بندوق ڈبل بیرل معہ کارتوس برآمد
لاہور (اے پی پی)چیف وائلڈ لائف رینجر محمد وسیم کی قیادت میں ٹیم نے جنگلی خرگوش اور تیتر کے غیرقانونی شکار میں مشغول 3 شکاری گرفتار کر لیے ہیں۔محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم نے شکاریوں سے ذبح شدہ جنگلی خرگوش ، موٹر سائیکل ، بندوق ڈبل بیرل معہ کارتوس برآمد کر لی ہے جبکہ دوسری کارروائی میں تیتر کے غیرقانونی شکار میں ملوث ایک شکاری کو موقع پر گرفتار کر لیا۔تینوں شکاریوں کو مجموعی طور پر 2لاکھ 45 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دو مختلف کارروائیوں کے دوران جنگلی خرگوش کا غیرقانونی شکار کرنیوالے 2 شکاریوں کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ایک ذبح شدہ خرگوش ، موٹر سائیکل ، بندوق ڈبل بیرل معہ کارتوس برآمد کرکے کیس کمپاؤنڈ کرنے درخواست پر انہیں مبلغ دو لاکھ 20 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔ تیتر کے غیرقانونی شکار میں مشغول ایک شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ 25 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔