مینٹل ہسپتال :ملازمین سے مبینہ بھتہ وصولی پر اہلکار معطل

مینٹل ہسپتال :ملازمین سے مبینہ بھتہ وصولی پر اہلکار معطل

درجہ چہارم کے ملازم پرجینٹوریل سٹاف اور دیگر عملے سے بھتہ وصول کرنیکاالزام

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں کرپشن کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مینٹل ہسپتال لاہور میں ایک اہم کارروائی سامنے آئی ہے ، جہاں ملازمین سے مبینہ بھتہ وصول کرنے والے ایک اہلکار کو معطل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے متعدد درخواستوں پر ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ درخواستوں میں الزام عائد کیا گیا کہ راشد نامی درجہ چہارم کا ملازم جینٹوریل سٹاف اور دیگر عملے سے زبردستی بھتہ وصول کرتا رہا۔متاثرہ ملازمین نے اپنی درخواستوں میں انکشاف کیا کہ ان کے اے ٹی ایم کارڈز بھی راشد کے پاس ہوتے تھے ، جہاں سے وہ رقم نکال کر بھتہ کاٹ لیتا اور سادہ کاغذ پر دستخط بھی کرواتا تھا۔ مزید یہ بھی الزام سامنے آیا کہ مذکورہ ملازم ہسپتال کے اندر غیر قانونی طور پر پسٹل پاس رکھتا اور عملے کو دھمکیاں دیتا تھا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے تحقیقات کو تیز کرتے ہوئے تمام متعلقہ افراد کو طلب کر لیا ہے ، جبکہ 18 مارچ کو راشد کے خلاف شواہد اکٹھے کرکے سخت کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، جس میں ملازمت سے برطرفی اور دوسرے شہر میں تبادلے کی شکل میں سزا بھی شامل ہو سکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں