میٹرو بس سروس کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی
نئے شیڈول کے تحت سروس صبح چھ بجے سے رات نو بجے تک دستیاب
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں لاہور میٹرو بس سروس کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی کر دی گئی ہے ، جس کے تحت اب سروس صبح چھ بجے سے رات نو بجے تک دستیاب ہوگی۔ یہ فیصلہ انرجی بچت پالیسی کے تحت کیا گیا ہے تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے ۔مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر پر دباؤ بڑھا ہے ، جس کے پیش نظر میٹرو بس کے آپریشن کو محدود دورانیے تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے شیڈول کے تحت رات نو بجے کے بعد سروس مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری بس کیلئے ساڑھے آٹھ بجے تک سٹیشن پہنچ جائیں۔ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئے اوقات کار پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور یہ تبدیلی تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گی۔ ان کے مطابق توانائی بحران کے تناظر میں ایسے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔دوسری جانب شہریوں کی رائے اس فیصلے پر منقسم نظر آتی ہے ۔ کچھ مسافروں نے اسے موجودہ حالات میں ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی بچت کے لیے یہ اقدام وقت کی ضرورت ہے ۔