کے ای ایم یو:25واں جوائنٹ سنٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ منعقد
4470امیدوار، وی سی کا امتحانی مرکز کادورہ ، انتظامات کاجائزہ ، خصوصی ہدایات
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )لاہور و ملتان میں بیک وقت شفاف امتحان کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیرِ انتظام 25واں جوائنٹ سنٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ لاہور اور ملتان میں بیک وقت کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا، جہاں شفافیت، میرٹ اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔امتحان میں مجموعی طور پر 4,470 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 3,133 امیدوار لاہور اور 1,337 ملتان کے امتحانی مراکز میں شریک ہوئے ، جبکہ 62 بین الاقوامی امیدواروں کی شمولیت نے امتحان کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے لاہور کے امتحانی مرکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور امتحان کے شفاف اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے ملتان مرکز میں خود موجود رہ کر امتحانی عمل کی نگرانی کی۔ کنٹرولر آف ایگزامینیشن ڈاکٹر ذیشان سرور کی زیر نگرانی امتحان کے تمام مراحل کو جدید، مربوط اور معیاری اصولوں کے تحت مکمل کیا گیا، جس سے ایک منصفانہ اور قابلِ اعتماد امتحانی نظام کو یقینی بنایا گیا۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں اعلی طبی تعلیم کے فروغ، میرٹ کے تحفظ اور عالمی معیار کے امتحانی نظام کے قیام میں اپنا قائدانہ کردار جاری رکھے گی۔