لائبریریوں میں جدید فائر وال سسٹم نصب کرنیکا فیصلہ
ممبرز کو صرف تعلیمی، تحقیقی اور علمی مواد تک رسائی فراہم کی جائے گی
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب حکومت نے سرکاری لائبریریوں کے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کی لائبریریوں میں جدید فائر وال سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی لائبریریوں میں۔ فائر وال لگانے کا فیصلہ ،اقدام سائبر حملوں، غیر متعلقہ ویب سائٹس اور غیر اخلاقی مواد تک رسائی روکنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔منصوبے کے تحت لائبریری ممبرز کو صرف تعلیمی، تحقیقی اور علمی مواد تک رسائی فراہم کی جائے گی جبکہ غیر ضروری ویب سائٹس تک رسائی محدود کر دی جائے گی۔محکمہ کے مطابق ڈیجیٹل سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے جدید فائر وال ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس پر تقریباً پانچ کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔منصوبے کیلئے متعلقہ فورمز سے باقاعدہ منظوری حاصل کر لی گئی ہے اور پنجاب بھر کی 14 سرکاری لائبریریوں کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ لائبریریوں کے آئی ٹی نیٹ ورک کو محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں تاکہ طلبہ، محققین اور دیگر صارفین کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے ۔