کم عمر ڈرائیور زکی گاڑی ،موٹرسائیکل تھانے میں بندکرنے کافیصلہ
تین سواری، ایکسپائر و غیر متعلقہ لائسنس پر بھی سخت کارروائی ہوگی :سی ٹی او
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا۔ چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی تھانے میں بند کر دی جائے گی۔ لرنر پرمٹ یا ایکسپائر لائسنس پر گاڑی چلانے والوں کو 5ہزار جبکہ موٹرسائیکل چلانے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کار یا موٹرسائیکل لائسنس پر کمرشل اور پبلک سروس وہیکل چلانے کی ہرگز اجازت نہیں۔ بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کے پاس پی ایس وی لائسنس جبکہ ٹرک، ٹرالہ، لوڈر اور دیگر ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے پاس ایچ ٹی وی لائسنس ہونا لازمی ہے ۔ چھٹی کے باوجود شہر کے تمام لائسنس دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ شہریوں کو لرنر پرمٹ، ڈپلیکیٹ اور لائسنس کی تجدید کیلئے آن لائن سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔تاکہ شہری آسانی سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں۔ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت قابل قبول نہیں اور شہری ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔