آتشزدگی کے دوواقعات،کپڑا اور مشینری خاکستر
نیوکراچی سیکٹر 6میں تولیہ فیکٹری میں لگی آگ پر 3گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا اسکیم 33 میں پرانے کپڑوں کے کھلے گودام میں آتشزدگی،جانی نقصان نہیں ہوا
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں آتشزدگی کے دو مختلف واقعات میں بھاری مالیت کپڑا اورمشینری جل کر خاکستر ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق نیوکراچی سیکٹر6 بی صبا سنیماکے قریب تولیہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائربریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اورآگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کردی، فیکٹری کی عمارت چاروں اطراف سے بند تھی جس کے باعث فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابوپانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تولیہ فیکٹری میں آتشزدگی کے دوران بھاری مالیت کپڑا اورمشینری جل کر خاکستر ہوگئیں، فائربریگیڈ کے عملے نے 5 گاڑیوں کی مدد سے 3 گھنٹوں پر آگ پر قابوپالیا۔ فوری طورپرآگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔فائر آفیسر عارف منصوری کے مطابق علی انٹر پرائزز نامی فیکٹری 1000 گزر پرقائم تھی عمارت چاروں اطراف سے بند تھی، تپش اور دھواں زیادہ ہونے کی وجہ سے فائر فائٹنگ میں مشکلات پیش آئی۔دوسری جانب سہراب گوٹھ کے علاقے اسکیم 33 میں پرانے کپڑوں کے کھلے گودام میں آتشزدگی کے دوران بڑی تعداد میں پرانے کپڑے خاکستر ہو گئی، آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابوپالیا۔