مہنگائی، بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ، راشد سومرو
موجودہ حالات میں مذہبی رہنما بھی محفوظ نہیں، مولانا ادریس کے قتل کی مذمتایران سے سستا پٹرول، ڈیزل خریدکر عوام کو دیا جائے ، سجاول میں پریس کانفرنس
بدھوتالپر (نامہ نگار)سجاول میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما علامہ راشد محمود سومرو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی اور کرپشن نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔انہوں نے مولانا ادریس کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مذہبی رہنما بھی محفوظ نہیں رہے ۔ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔ ہم آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے مذاکرات منطقی انجام تک پہنچنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور حرمین شریفین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ راشد محمود سومرو نے کہا کہ عام آدمی دو وقت کی روٹی سے محروم ہو چکا ہے جبکہ حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق ہیں۔ انہوں نے ایران سے سستا پٹرول اور ڈیزل خرید کر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے سندھ میں بچیوں کے اغوا، زیادتی، منشیات اور اسلحے کے بڑھتے کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔راشد محمود سومرو نے کہا کہ 14 مئی کو کراچی میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔