آؤٹ سورس سکولوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
پنجاب بھر کے 13ہزار سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا
لاہور(خبر نگار) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے آؤٹ سورس سکولوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے صوبہ بھر میں خصوصی ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے آؤٹ سورس سکولوں میں ایک ہی روز سکول بیسڈ اسیسمنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن پیکٹا کے تعاون سے یہ اسیسمنٹ منعقد کرے گا جس کے تحت پنجاب بھر کے تقریباً 13 ہزار سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکولوں کی کارکردگی کی بنیاد پر مستقبل میں فنڈنگ اور دیگر انتظامی فیصلے کیے جائیں گے ۔ اس مقصد کیلئے ہر ضلع میں ایجوکیشن اتھارٹی کے افسران کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ اسیسمنٹ کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق اس سے قبل آؤٹ سورس سکولوں کی کارکردگی کا جائزہ کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے ذریعے لیا جاتا تھا، تاہم اب سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے نئے نظام کے ذریعے نتائج اور تدریسی معیار کو مزید مؤثر انداز میں جانچا جائے گا۔