لاہور بورڈ:بارہویں جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز

لاہور بورڈ:بارہویں جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز

پہلے روز سائیکالوجی، آؤٹ لائن آف ہوم اکنامکس اور اپلائیڈ سائنسز کے پرچے ہوئے

لاہور(خبر نگار)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے ہیں۔ پہلے روز سائیکالوجی، آؤٹ لائن آف ہوم اکنامکس اور اپلائیڈ سائنسز کے پرچے لیے گئے ۔امتحانات میں ایک لاکھ بانوے ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ امتحانات کیلئے لاہور بورڈ کی جانب سے 566 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔بورڈ حکام کے مطابق 54 حساس امتحانی مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ نقل کی روک تھام کیلئے تمام مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ۔امتحانات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے لیسکو کو امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے ۔لاہور بورڈ کی جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق 26 سے 31مئی تک عید الاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی۔ جبکہ انٹر پارٹ ٹو کا آخری پرچہ 12 جون کو مطالعہ پاکستان کا لیا جائے گا۔انٹر پارٹ ون کے امتحانات 15 جون سے شروع ہوں گے اور آخری پرچہ 8 جولائی کو ہوگا، جبکہ پارٹ ٹو کے پریکٹیکل امتحانات 10 جولائی سے 18 اگست تک جاری رہیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں