غیرقانونی ذبح خانہ سے بھاری مقدار میں گوشت برآمد

غیرقانونی ذبح خانہ سے بھاری مقدار میں گوشت برآمد

جلو پارک کے قریب کارروائی ،دو شدید بیمار جانور بھی زیرتحویل

 لاہور(کرائم رپورٹر)باٹا پور کے علاقے جلو پارک کے قریب رہائشی آبادی میں قائم غیر قانونی ذبح خانے پر پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضرِ صحت گوشت برآمد کر لیا جبکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان میں قائم غیر قانونی ذبح خانے سے تین مردہ جانوروں کا گوشت فریزر سے برآمد کیا گیا جبکہ دو شدید بیمار جانور بھی قبضے میں لے لیے گئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ موقع پر انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں زمین پر گوشت تیار کیا جا رہا تھا جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔ویٹرنری ڈاکٹر عدیل شہباز نے معائنہ کے بعد برآمد شدہ گوشت کو انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضر قرار دیا، جس پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام گوشت قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا ،کارروائی کے دوران غیر قانونی ذبح خانے سے چربی کے ڈھیر اور توڑوں میں پیک کی گئی چربی بھی برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم صفدر علی کو موقع پر گرفتار کرکے اس کے خلاف تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ اور اینیمل سلاٹر کنٹرول ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں