ڈاکوؤں نے لاکھوں نقدی،فونز، موٹر سائیکلیں چھین لیں
دکاندار شفیق سے 2لاکھ، عاقب سے موٹرسائیکل اور فون لوٹ کر لے گئے
قصور(نمائندہ دنیا) ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے نقدی،موبائل فون، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں چھین لیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ بی ڈویژن قصور کے علاقہ سروس روڈ نزد مزار کمال چشتی کے قریب شفیق ولد ادریس کی چشتی الیکٹرک شاپ سے مسلح ڈاکوؤں نے 2لاکھ روپے نقدی چھین لی۔ پولیس تھانہ سٹی چونیاں کے علاقہ زوم پٹرول پمپ کے قریب سے موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے میاں والا گھاٹ کے رہائشی عاقب علی ولد لیاقت علی سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لیا۔ پولیس تھانہ چھانگامانگا کے علاقہ پل گندیاں اوتاڑ کے قریب سے موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے اپنی موٹرسائیکل پر کوٹ رادھاکشن سے اپنے گھر واپس آنے والے کوٹ احمد دین کے رہائشی پرویز ولد باقر علی سے گن پوائنٹ پر ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔