چلتی گاڑی کے ٹائروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، قابو لیاگیا
49 مسافر،بس کاعملہ ، سامان باہر منتقل ،موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی
لاہور(اے پی پی)موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایک مرتبہ پھر بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے 49 قیمتی جانوں کو محفوظ بنا لیا۔ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمدکے مطابق ایم-4 موٹروے پر چک جھمرہ کے قریب ایک مسافر بس کے ٹائر میں رگڑ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔پٹرولنگ آفیسرز نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر چلتی ہوئی بس کو رکوایا اور تمام49 مسافروں،بس کے عملے اور ان کے سامان کو بحفاظت باہر منتقل کر دیا۔
موٹروے پولیس کے جوانوں نے اپنی پٹرول گاڑی میں موجود آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا جبکہ بعد ازاں فائر ٹینڈر کی مدد سے صورتحال کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا۔ ترجمان سنٹرل ریجن نے بتایا کہ موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث قیمتی انسانی جانیں،بس اور مسافروں کا سامان بڑے نقصان سے محفوظ رہا جبکہ متبادل انتظامات کے ذریعے تمام مسافروں کو ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔مسافروں اور بس عملے نے موٹروے پولیس کے افسران کی جرات اور انسان دوست رویے کو بھرپور انداز میں سراہا۔