حکمران مخالفین کو کچلنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے آزمارہے :غلام نبی
بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے :ضلعی رہنما
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما و سابق چیف کوآرڈی نیٹر میونسپل کمیٹی حاجی غلام نبی ورک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف جاری انتقامی کاروائیاں بند کرکے ہی ملک میں سیاسی استحکام ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔حکمران سیاسی مخالفین کو کچلنے کی خاطر ہر اوچھا ہتھکنڈہ استعمال کررہے ہیں ۔حکمرانوں کو ذہن نشین کرنا ہوگا کہ انکے حکمرانی کے دن گنے جاچکے ہیں۔ جلد عوام انہیں اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کرے گی، عوام کے رائے حق دہی پر شب خون مار کر کرپٹ ٹولے کو ملک و قوم پر مسلط کرنے والوں کا کڑا محاسبہ ناگزیر ہے۔
انہیں جمہوری عمل سبوتاژ کرنے کا حساب دینا پڑے گا۔فارم 47کی پیداوار موجودہ جعلی حکومت کو عوامی پذیرائی حاصل نہیں ۔قوم اس حکومت سے جلد سے جلد چھٹکارا پانا چاہتی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ۔عوامی امنگوں کی ترجمانی کی اور ملکی معاشی استحکام کی خاطر اپنے دور وزارت عظمیٰ میں مثالی اقدامات اٹھائے جن کے ثمرات میسر آنا شروع ہوئے تو انہیں سازش کے تحت وزیر اعظم کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا جس کا خمیازہ ملک و قوم کو بدحالی کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے ۔نااہل حکمران تحریک انصاف کے رہنماؤں کو زیادہ دیر جیل میں بند نہیں رکھ پائیں گے ۔پاکستان کے ہر جمہوریت پسند شہری کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔