وکلا کی فلاح بہبود کیلئے خصوصی سکیمیں دی جائیں:بارکونسل

وکلا کی فلاح بہبود کیلئے خصوصی سکیمیں دی جائیں:بارکونسل

قانون سازی کو مزید مضبوط بنا نے کیلئے مؤثر صوبائی لا کمیشن کا قیام نا گزیر:قائدین

لاہور( این این آئی)پنجاب بار کونسل نے کہا ہے کہ قانون سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنا نے کیلئے وکلا تنظیموں کی وسیع تر مشاورت سے مؤثر صوبائی لا کمیشن کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،صوبائی لا کمیشن کے قیام اور قانونی اصلاحات کے ذریعے انصاف کی فراہمی اور گورننس کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے ،آئندہ مالی سال کیلئے پیش کئے جانے والے بجٹ میں وکلا کی فلاح بہبود کے لیے خصوصی سکیمیں دی جائیں کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں تمام طبقات شدید مالی دبا ؤکا شکار ہیں ۔

وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بجٹ میں وسائل سے محروم طبقات کے لیے خصوصی امدادی اور سماجی تحفظ کے پروگرامزمتعارف کرائے جائیں،مفت قانونی معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وکلا کے لیے آسان قرضوں، ہیلتھ انشورنس اور ہاؤسنگ سکیموں کا اجرا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ،وکلا فلاحی فنڈ میں اضافہ کر کے پیشہ ورانہ مسائل کے حل میں مدد دی جا سکتی ہے ۔پنجاب بار کونسل کے عہدیداران نے کہا کہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے ،بجٹ میں عوامی ریلیف اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے والی پالیسیوں کو ترجیح دی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں