سبزہ زار: ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والا ملزم گرفتار
ملزم کا مقصد کمپنی کی رقم ہڑپ کرنا تھا،پولیس ،رقم بھی برآمد، مقدمہ درج
لاہور( کرائم رپورٹر)سبزہ زار پولیس نے کمپنی کی رقم میں ہیرا پھیری کرنے اور جھوٹی ڈکیتی کی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت مقدس علی کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق ملزم نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ دو نامعلوم مسلح افراد اس سے نقد رقم چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سبزہ زار پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے اردگرد موجود افراد سے پوچھ گچھ کی اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا، تاہم مبینہ واردات کے کوئی شواہد سامنے نہ آئے اور نہ ہی وقوعہ کی تصدیق ہو سکی۔مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مقدس علی ایک نجی کمپنی میں سیلز مین کے طور پر کام کرتا تھا اور کمپنی کی رقم میں خور برد کرنے کے لیے اس نے جھوٹی ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا مقصد کمپنی کی رقم ہڑپ کرنا تھا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے کمپنی کی ہزاروں روپے مالیت کی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔