5منشیات ڈیلر گرفتار، کروڑوں کی چرس ،ہیروئن برآمد
نادر خاں، غلام مصطفی ، بنیامین، جنید اقبال مختلف مقامات سے دھر لئے گئے
قصور(خبرنگار ،نمائندہ دنیا)ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، 5 ڈیلر گرفتار، کروڑوں کی چرس اور ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ پولیس تھانہ بی ڈویژن پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 3بدنام زمانہ منشیات فروشوں،کوٹ پیراں کے نادر خاں، بستی صابری کے غلام مصطفی عرف مانگا اور بستی ونیکاں کے بنیامین کو گرفتار کر کے 3 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔ تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے چونیاں روڈ پر ناکہ بندی کے دوران منشیات کی بڑی سپلائی ناکام بناکر پرانی منڈی کے رہائشی بڑے ڈیلر جنید اقبال عرف سنی کو گرفتار کر لیا، جس سے 11کلو چرس برآمد کر کے سمگلنگ میں استعمال ہونیوالی گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ منڈی عثمانوالا پولیس نے جلوکے رہائشی منشیات فروش غلام مصطفی کو دھر لیا، جس سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عرصہ دراز سے نوجوان نسل کو منشیات فروخت کررہے تھے۔