سیف سٹیز:شادمان سے چوری ہونیوالا کیری ڈبہ برآمد
گاڑی سکول اور کالج کے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروس کیلئے استعمال کی جا رہی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر)سیف سٹی اتھارٹی کے جدید کیمروں اور ورچوئل پٹرولنگ سسٹم کی مدد سے شادمان سے چوری ہونے والی سوزوکی بولان گاڑی برآمد کر کے گاڑی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ شادمان کے علاقے میں ایک ڈرائیور اپنی سوزوکی بولان گاڑی پارک کر کے ناشتے میں مصروف تھا کہ اسی دوران ملزم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چوری کر کے فرار ہو گیا۔ مذکورہ گاڑی سکول اور کالج کے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔واقعہ کے فوراً بعد متاثرہ شہری نے پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی، جس پر سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہر بھر میں نصب کیمروں کی مدد سے مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت کو لمحہ بہ لمحہ ٹریس کیا۔ترجمان کے مطابق سیف سٹی کی جانب سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد، ویڈیو فوٹیج، ملزم کی شناخت اور لوکیشن سمیت تمام معلومات سول لائنز پولیس کے حوالے کی گئیں، جس کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ سوزوکی بولان بھی برآمد کر لی۔