ورکرز ویلفیئر فنڈ کا آن لائن پورٹل ڈھائی ماہ سے غیر فعال
15لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کو تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ کے حصول میں مشکلات پورٹل کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا :ورکرز ویلفیئر فنڈ کے حکام
لاہور (عاطف پرویز سے )پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کا آن لائن پورٹل گزشتہ ڈھائی ماہ سے غیر فعال ہونے کے باعث تقریباً 15 لاکھ رجسٹرڈ ورکرز کو تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور دیگر فلاحی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ پورٹل بند ہونے سے ہزاروں درخواستیں التوا کا شکار ہیں جبکہ ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پورٹل کی بندش کے باعث نئی درخواستوں کی وصولی اور زیر التوا کیسز کی پراسیسنگ متاثر ہوئی ہے۔
جس سے مستحق مزدوروں اور ان کے بچوں کو بروقت مالی امداد اور دیگر سہولیات نہیں مل پا رہیں۔لیبر رہنما حنیف رامے نے بتایا کہ آن لائن نظام بند ہونے کے باعث ورکرز کو بار بار ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ہیڈ آفس جانا پڑ رہا ہے ۔اس حوالے سے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ پورٹل کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ حکام کے مطابق نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں اور ورکرز کے ڈیٹا کو نادرا کے نظام کے ساتھ مربوط (انٹیگریٹ) کیا جا رہا ہے۔