ایجوکیشن کمپلیکس میں ملازمین ، اساتذہ کا مطالبات کیلئے مظاہرہ

ایجوکیشن کمپلیکس میں ملازمین ، اساتذہ کا مطالبات کیلئے مظاہرہ

مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھا جائے گاـ:اگیگا کے عہدیداران

لاہور(خبر نگار)ایجوکیشن کمپلیکس لاہور میں اگیگا کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ڈسپیرٹی الاؤنس کی منظوری، ایل پی آر قوانین میں کی گئی تبدیلیاں واپس لینے اور شدید گرمی کے دوران اساتذہ کی ٹریننگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مزید تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایجوکیشن کمپلیکس لاہور میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس، اگیگا، کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین اور اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کے لیے ڈسپیرٹی الاؤنس فوری طور پر منظور کیا جائے ، جبکہ ایل پی آر (لیو پریپیریٹری ٹو ریٹائرمنٹ) قوانین میں کی گئی حالیہ تبدیلیاں واپس لی جائیں۔احتجاج میں شریک اساتذہ کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں ٹریننگ کا انعقاد ان کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے ، لہٰذا موسم بہتر ہونے تک تمام ٹریننگ سیشنز مؤخر کیے جائیں ۔ اگیگا کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ اب حکومتی ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں