ویمن یونیورسٹی، داخلہ رہنمائی کیلئے انفارمیشن ڈیسک قائم
داخلوں کیلئے طالبات، والدین کو مکمل رہنمائی، درخواستیں سترہ جولائی تک جمع ہوں ہونگی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان نے فال 2026 کے داخلہ سیشن کے سلسلے میں امیدوار طالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے مرکزی ایڈمیشن انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا ہے ۔ ڈیسک پر داخلوں سے متعلق معلومات، رہنمائی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ درخواست گزاروں کو بروقت اور درست معلومات ایک ہی جگہ میسر آ سکیں۔ ترجمان کے مطابق انفارمیشن ڈیسک پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے ، جو مختلف ڈگری پروگراموں، اہلیت، داخلہ فارم جمع کرانے کے طریقہ کار، مطلوبہ دستاویزات، میرٹ، وظائف اور دیگر امور سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کر رہا ہے ۔
یونیورسٹی میں انڈرگریجویٹ، گریجویٹ، ایم فل، پی ایچ ڈی، فارم ڈی، بی ایڈ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ پروگراموں میں داخلے جاری ہیں، جبکہ آن لائن درخواستیں 17 جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی طالبات کو معیاری اور جدید تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ڈیسک کے قیام سے داخلہ لینے کی خواہشمند طالبات کو بروقت، درست اور آسان معلومات میسر آئیں گی اور انہیں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جدید لیبارٹریز، ڈیجیٹل لائبریری، تجربہ کار اساتذہ، محفوظ تعلیمی ماحول، ہاسٹل، ٹرانسپورٹ اور میرٹ و ضرورت کی بنیاد پر مالی معاونت سمیت متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے طالبات اور والدین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل داخلہ فارم جمع کرائیں اور مزید رہنمائی کے لیے ایڈمیشن انفارمیشن ڈیسک یا داخلہ سیل سے رابطہ کریں۔