سیاست اچھی نیت سے کی جائے تو عبادت سے کم نہیں:گورنر
طلبا وطالبات ہماری امید اور مستقبل ہیں:طلبا و طالبات کے وفد سے گفتگو
لاہور ( سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے نوجوان نسل کا سیاست میں آنا وقت کی ضرورت ہے ۔ سیاست اچھی نیت سے کی جائے تو عبادت سے کم نہیں۔ بلاول بھٹو نوجوانوں کی امنگوں کے ترجمان اور با صلاحیت لیڈر ہیں۔ ملک کی تعمیر وترقی میں سب کو مل کر مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلبا و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفدمیں یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران بھی شامل تھے ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوان طلباء وطالبات ہماری امید اور مستقبل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا سیاست میں آنا اور ملک کی بہتری میں حصہ ڈالنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔گورنر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی امنگوں کے ترجمان اور با صلاحیت لیڈر ہیں۔ پاکستان کی یوتھ بہت با صلاحیت ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لئے استعمال کریں۔