ریلوے سٹیشن: آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم کو جلد فعال کرنیکی ہدایت
لاہور کی شہری خوبصورتی اور جدید انفراسٹرکچر حکومت کی اولین ترجیح :سیکرٹری ہاؤسنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جدید، خوبصورت اور عالمی معیار کے لاہور کے وژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے لاہور ریلوے سٹیشن اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اربن ریجنریشن پراجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تکمیل کے مختلف مراحل اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہیں بتایا گیا کہ ریلوے سٹیشن سے منسلک وسیع پارکنگ ایریا کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ ریلوے سٹیشن کے سامنے جدید آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ آٹومیٹڈ پارکنگ سسٹم کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو جدید، محفوظ اور آسان پارکنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی شہری خوبصورتی اور جدید انفراسٹرکچر حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔