غیر قانونی تعمیرات کو فراہم سہولتیں ختم کرنے کا فیصلہ

 غیر قانونی تعمیرات کو فراہم سہولتیں ختم کرنے کا فیصلہ

غیر قانونی عمارتوں کو صرف مسمار نہیں کیا جائے گا ،ان کے پانی، بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کیے جائیں گے ،متعلقہ اداروں کو بلا تاخیر کارروائی کرنے کی ہدایت کنٹرولڈ ایریاز اور ایل ڈی اے کی منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کیخلاف نگرانی مزید سخت ،غیر قانونی املاک کی نشاندہی کا عمل تیز کر دیا گیا: انتظامیہ

لاہور ( شیخ زین العابدین)لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ ایل ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر قانونی عمارتوں کو صرف مسمار نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے پانی، بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کیے جائیں گے ۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ مون سون سیزن میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریگولیٹری اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے نئی حکمت عملی نافذ کر دی ہے ۔ اب غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی صرف مسماری تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ایسی عمارتوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولتیں بھی ختم کر دی جائیں گی تاکہ غیر قانونی تعمیرات کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جا سکے ۔اس مقصد کے لیے ایل ڈی اے نے لیسکو، سوئی ناردرن گیس اور واسا کو باضابطہ مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔

جن میں غیر قانونی املاک کے بجلی، گیس اور پانی کے کنکشن فوری طور پر منقطع کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایل ڈی اے کی نشاندہی پر بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔کنٹرولڈ ایریاز اور ایل ڈی اے کی منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ نشاندہی ہونے والی ہر غیر قانونی عمارت کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کرتے ہوئے پہلے مسماری اور پھر یوٹیلیٹی کنکشنز کی بندش کو یقینی بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حالیہ مخدوش عمارتوں کے حادثات کے بعد بلڈنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بالخصوص مون سون سیزن کے دوران ایسی تعمیرات پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے جو شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی املاک کی نشاندہی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے شہر بھر میں کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کے لیے محفوظ تعمیراتی ماحول بھی یقینی بنایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں