کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے 4ملزم فرار ہوگئے
گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ،واقعے کی تحقیقات شروع پی آئی سی سے کراچی پولیس کو مطلوب ملزم پولیس حراست سے فرار ہوگیا
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کی کینٹ کچہری کے بخشی خانے سے 4 ملزم فرار ہوگئے ۔ گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزموں کو کیمپ جیل سے عدالت پیشی پر لایا گیا تھا، ملزم بخشی خانے کی گرل توڑ کر فرار ہوگئے ۔ دو ملزموں کی شناخت ہوگئی جن میں منشیات مقدمے کا ملزم ریاض اعجاز اور قتل کیس کا ملزم حسن صفدر شامل ہیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ایک ملزم دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ دوسرے واقعہ میں کراچی پولیس کو مطلوب ملزم پی آئی سی سے پولیس حراست سے فرار ہوگیا ۔ ملزم فقیر حسین کو کراچی پولیس نے مغلپورہ سے گرفتار کر کے کینٹ کچہری پیش کر کے ریمانڈ لیا اس دوران حراست میں طبیعت بگڑنے پر اسے پی آئی سی منتقل کیا گیا، جہاں ملزم پولیس پارٹی کو چکمہ دیکر فرار ہو گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کی معاملے کو دبانے کی کوشش کی اور افسروں کو بھی آگاہ نہ کیا ۔ ملزم کیخلاف کراچی میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمات درج ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments