اندرون شہر254خطرناک عمارتیں، حفاظتی مہم تیز
48انتہائی مخدوش عمارتیں مسمار کرنیکا فیصلہ،101کی مرمت کے نوٹس جاری
لاہور(آن لائن)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے مون سون بارشوں کے پیش نظر اندرون شہر جامع حفاظتی مہم کا آغاز کرتے ہوئے تاریخی اور رہائشی عمارتوں کا ساختیاتی سروے مکمل کر لیا جس میں 254خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔والڈ سٹی کے مطابق 254 خطرناک عمارتوں میں سے 101کو قابلِ مرمت قرار دیکر مالکان کو فوری مرمت کے نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ اسی طرح 105 مخدوش عمارتیں خالی کرا لی گئی ہیں جبکہ 48انتہائی خطرناک عمارتوں کو مسمار کرنے کے قابل قرار دیا گیا ہے ۔اتھارٹی نے مذکورہ عمارتوں کے مالکان کو فوری مرمت کرانے یا عمارتیں خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ حکام کے مطابق مون سون پر کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کیلئے خطرناک عمارتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔والڈ سٹی اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمارتوں کی چھتوں، نالیوں، گٹروں اور ڈاؤن پائپس کی بروقت صفائی یقینی بنائیں تاکہ بارشی پانی جمع ہونے اور عمارتوں کو مزید نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائیگا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments