چہلم حضرت امام حسینؓؑ کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان
تمام مکاتب فکر کے علما کرام، تاجر برادری اور شہریوں کا تعاون نہایت اہم :ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر جامع حفاظتی اور انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں، جن پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، تاجر برادری اور شہریوں کا تعاون نہایت اہم ہے ۔انہوں نے یہ بات سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انور علی سمیت متعلقہ افسران، جبکہ صاحبزادہ فیض رسول، مولانا ریاض کھرل، مولانا یاسین ظفر، ڈاکٹر افتخار نقوی، محمد امین بٹ، محمد خبیب، پادری ایمرک جوزف اور دیگر مذہبی رہنما بھی شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی اتفاق، اتحاد اور رواداری ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں۔اس موقع پر سی پی او تنویر حسین نے امن و امان کے قیام میں علما کرام کے تعاون کو خراج تحسین پیش کیا اور چہلم کے موقع پر کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو تعیناتی پر مبارکباد دی اور کہا کہ امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چہلم کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments