نجی سکولوں کی رجسٹریشن 2کے بجائے 4سال کرنے پر اتفاق
پیش رفت سیکرٹری سکولز اور نجی سکولوں کے تنظیمی عہدیداروں کی ملاقات میں ہوئی
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں تعلیمی سال 227 دنوں پر مشتمل کرنے کی تجویز پر پیش رفت ہوئی ہے ، جبکہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن دو سال کے بجائے چار سال کے لیے کرنے پر بھی اتفاق کر لیا گیا ہے ۔یہ پیش رفت سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض اور نجی سکولوں کی تنظیموں کے عہدیداران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن کی مدت دو سال سے بڑھا کر چار سال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جائے گا، جو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ فرم کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن کا مکمل عمل آن لائن کیا جائے گا ۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض کے مطابق تعلیمی سال کو 227 دنوں پر مشتمل کرنے اور ان میں سے 190 دن تدریس جبکہ باقی دن امتحانات اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مختص کرنے کی غرض سے قواعد میں ترمیم کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ملاقات میں کاشف ادیب جاودانی، قاضی نعیم انجم سمیت نجی سکولوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی شریک تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments