رواں سال :پتنگ بازی کیخلاف کارروائیاں، 9272 مقدمات
لاہور ریجن میں سب سے زیادہ 4367، شیخوپورہ میں 1559ایف آئی آرز درج
لاہور (آن لائن)پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہزار 272 مقدمات درج کر لیے ، جبکہ مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 8 ہزار 202 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مالیت کی پتنگیں، ڈور اور پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر خام مال برآمد کیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور ریجن میں پتنگ بازی کے خلاف سب سے زیادہ 4 ہزار 367 مقدمات درج کیے گئے جبکہ شیخوپورہ ریجن میں ایک ہزار 559مقدمات کا اندراج ہوا۔ گوجرانوالہ ریجن میں 869، گجرات میں 281، راولپنڈی میں 961 اور سرگودھا ریجن میں 316 مقدمات درج کیے گئے ۔پولیس کے مطابق فیصل آباد ریجن میں 405، ملتان میں 156، ساہیوال میں 289، ڈیرہ غازی خان میں 29 جبکہ بہاولپور ریجن میں 40 مقدمات کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت درج کیے جا چکے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments