لانڈھی میں تزئین شدہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتا ح
کمپلیکس میں سوئمنگ پول کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، کھیلوں کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، مرتضیٰ وہاب بلدیہ عظمیٰ 155 نئی سڑکوں پر کام شروع کر رہی ہے ،26 پر کام کا آغازہو گیا، ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا ،میئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس لانڈھی کا تزئین وآرائش کے بعد افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل کے دیگر اراکین، منتخب نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی نے اس موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کمپلیکس کے ذریعے لانڈھی اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو مختلف کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ کمپلیکس میں سوئمنگ پول کی سہولت بھی شہریوں کو دستیاب ہوگی۔ نوجوانوں کے لیے مارشل آرٹس کی تربیت سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کھیلوں کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، شہریوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات ان کے اپنے علاقوں میں فراہم کرنا کے ایم سی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ میئر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی تقریباً 155 نئی سڑکوں پر کام شروع کر رہی ہے جن میں سے 26 سڑکوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور مزید سڑکوں پر ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ، اس کام کے لیے میں شکر گزار ہوں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ کا جنہوں نے خصوصی تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی ایک بڑا اور متنوع شہر ہے جہاں مختلف طبقات اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں۔ ضروری ہے کہ شہری سہولیات اور عوامی مقامات تک رسائی ہر طبقے کے لیے ممکن بنائی جائے تاکہ شہریوں میں احساسِ محرومی ختم ہو اور ان میں اپنے شہر سے وابستگی کا احساس مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لیے عوامی مقامات کو مزید فعال اور قابلِ استعمال بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں، خواتین اور خاندانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہری حکومت عوامی فلاح اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور کراچی کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments