چیئرمین ٹاسک فورس کا سول لائن وایم اے او کالج کا دورہ
مزمل محمود کا کالجز میں قائم مارکنگ سنٹرز اور سائنس و کمپیوٹر لیبز کا معائنہ
لاہور(خبرنگار)چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈز مزمل محمود نے تعلیمی اصلاحات اور امتحانی شفافیت کے عزم کے تحت گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائن اور گورنمنٹ ایم اے او کالج لاہور کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ انجینئر ڈاکٹر بدرالاسلام، سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود اور بورڈ حکام نے کالجز میں قائم مارکنگ سنٹرز اور سائنس و کمپیوٹر لیبز کا معائنہ کیا۔
مزمل محمود اور بورڈ قیادت نے امتحانی پرچوں کی پڑتال (مارکنگ) کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور شفافیت و میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مارکنگ سنٹرز میں اساتذہ اور عملے کو فراہم کردہ سہولیات اور سکیورٹی تدابیر کی جانچ کی اور امتحانی مواد کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے دونوں تعلیمی اداروں کی سائنس اور کمپیوٹر لیبز کا بھی معائنہ کیا اور طلبہ کے لیے عملی مشقوں کی سہولیات کو سراہا۔ چیئرمین بورڈ انجینئر ڈاکٹر بدرالاسلام اور دیگر افسران نے مارکنگ کے طریقہ کار اور لیبز کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments