ہسپتالوں کی کینٹینز کے ٹھیکے کروڑوں میں دینے کا انکشاف
مہنگے ٹھیکوں کے باعث کینٹینز پر اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت انتظامیہ کو کینٹینز میں ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرانا چاہیے :ترجمان محکمہ صحت
لاہور(سجاد کاظمی سے )لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کی کینٹینز کے ٹھیکے کروڑوں روپے میں دینے کا انکشاف۔مہنگے ٹھیکوں کے باعث کینٹینز پر اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں جس کے باعث مریض اور لواحقین پریشان ہیں۔تفصیل کے مطابق ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مبینہ طور پر مقررہ ریٹ لسٹ کے بجائے من مانے اور زائد نرخوں پر اشیا خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ چلڈرن ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ 14 کروڑ روپے ، سر گنگا رام ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ 9 کروڑ روپے ، سروسز ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ 4کروڑ 18 لاکھ روپے ، لاہور جنرل ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ 6 کروڑ روپے میں دیا گیا۔
اسی طرح میو ہسپتال ایمرجنسی کی کینٹین کا ٹھیکہ 3 کروڑ 93 لاکھ روپے ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی کینٹین کا ٹھیکہ ایک کروڑ 75 لاکھ روپے جبکہ جناح ہسپتال کی کینٹین کا ٹھیکہ ساڑھے 3کروڑ روپے میں دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق ہسپتال کینٹینز میں انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ریٹ لسٹ پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں علاج معالجے کے اخراجات کے ساتھ کینٹین سے کھانے پینے کی اشیاء بھی مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہیں۔ ٹھیکیدار وں کا موقف ہے کہ یہ مہنگی اور ناقص اشیاء بیچنے کا الزام غلط ہے ۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کو کینٹینز میں مقررہ ریٹ لسٹ پر سختی سے عملدرآمد کرانا چاہیے ۔ شکایت موصول ہونے کی صورت میں مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments