ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے :ملک محمد احمد
سپیکر کی زیرصدارت پی پی 179 میں جاری منصوبوں پر پیشرفت اجلاس ، بریفنگ
قصور(نمائندہ دنیا) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی زیرصدارت حلقہ پی پی 179 میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، موجودہ صورتحال، تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ملک اعجاز احمد خاں، ملک ریاض احمد خاں، تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایکسین بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، ہائی وے ، سی ای او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔متعلقہ افسران نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں نئے ترقیاتی منصوبوں سمیت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف نئی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے منصوبوں کی تکمیل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حلقہ پی پی 179 میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments