سندس فاؤنڈیشن ، میڈیکل کالجز کا میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو
بچوں کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے :طلبہ وطالبات
لاہور(سٹاف رپورٹر )انسانی ہمدردی کے عالمی دن کی مناسبت سے سندس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام لاہور کے مختلف میڈیکل کالجز کے تعاون سے میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے محفوظ اور صحت مند خون کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نوجوان نسل میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ گلبرگ لاہور میں منعقد ہونے والے بلڈ ڈونیشن کیمپ میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، علامہ اقبال میڈیکل کالج، لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، رہبر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، آمنہ عنایت میڈیکل کالج، راشد لطیف میڈیکل کالج، فاطمہ میموریل میڈیکل کالج، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، سنٹرل پارک میڈیکل کالج اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور انسانی خدمت کے جذبے کے تحت خون عطیہ کیا۔کیمپ میں میڈیکل کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرکے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں اور خصوصاً تھیلیسیمیا کے بچوں کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments