سکول وینز:اوورلوڈنگ ، گیس سلنڈر کیخلاف کارروائی کا حکم
رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیا لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی:سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے والی کسی بھی گاڑی، ویگن یا رکشے میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ کوئی بھی رکشہ ڈرائیور آگے والی نشست پر بچے کو نہیں بٹھائے گا۔ رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیا لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی اگلی نشست پر کسی شخص کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پک اپ ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری بٹھانے سے گریز کریں، کیونکہ اوورلوڈنگ بچوں اور دیگر مسافروں کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو سکول انتظامیہ اور والدین میں ٹریفک قوانین اور محفوظ سفری اصولوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments