اوقاف:کوٹھی کی کیٹیگری تبدیل ، ڈسپنسری ظاہرکرنیکاانکشاف

اوقاف:کوٹھی کی کیٹیگری تبدیل ، ڈسپنسری ظاہرکرنیکاانکشاف

سیکرٹری اوقاف کا کوٹھی کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے واگزار کرانے کاحکم

لاہور (سیاسی نمائندہ) شاہ کمال اوقاف کالونی میں ایک کنال پر مشتمل سرکاری کوٹھی نمبراے ۔3 کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کا معاملہ سامنے آگیا، محکمہ اوقاف کی انکوائری رپورٹ میں کوٹھی کی اصل کیٹیگری تبدیل کرکے اسے ریکارڈ میں سی کیٹیگری ڈسپنسری ظاہر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق قیمتی سرکاری کوٹھی 2023 میں محکمہ اوقاف کے جونیئر سکیل سٹینوگرافر اور سابق منیجر داتا دربار شیخ جمیل کو الاٹ کی گئی، جبکہ کوٹھی جنوری 2023 کے الاٹمنٹ اجلاس کے ورکنگ پیپر کا حصہ بھی نہیں تھی۔ الاٹمنٹ کمیٹی نے کوٹھی کو ایکس ایجنڈا کے طور پر اجلاس میں شامل کرکے اسے سی 7 کا نام دیا اور اسی بنیاد پر الاٹمنٹ کی منظوری دی۔ اجازت نامے پر الاٹمنٹ کمیٹی کے تمام ارکان نے دستخط کیے ، جبکہ شیخ جمیل خود بھی الاٹمنٹ کمیٹی کے رکن تھے ۔ گیس اور پانی کے پرانے نوٹسز سے کوٹھی کی اصل اے کیٹیگری واضح ہوتی ہے ، یہ کوٹھی گریڈ 16 سے 18 کے افسران کے لیے مختص تھی، تاہم سرکاری ریکارڈ میں اس کی کیٹیگری تبدیل کرکے اسے سی 7ظاہر کیا گیا۔ انکوائری میں کوٹھی کی الاٹمنٹ میں غلط بیانی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ سیکرٹری اوقاف نے کوٹھی کی الاٹمنٹ منسوخ کرکے اسے فوری واگزار کرانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جبکہ الاٹمنٹ کی توثیق کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...