پولیس کے سالانہ سپورٹس مقابلے 29اکتوبر سے شروع

 پولیس کے سالانہ سپورٹس مقابلے 29اکتوبر سے شروع

ٹورنامنٹس 23نومبر تک جاری رہیں گے ،تیاری کیلئے ٹریننگ کیمپس کا آغاز

لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس کے سالانہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سپورٹس ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری ، مقابلے 29 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہیں گے ، صوبہ بھر میں کھلاڑیوں کی تیاری کیلئے ٹریننگ کیمپس کا آغاز کر دیا گیا ۔ڈی جی پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی ہدایات پر سالانہ مقابلوں کیلئے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں پیٹرن پاکستان پولیس کرکٹ ایڈیشنل آئی جی عمران محمود، چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل اور معروف کرکٹر کامران اکمل نے شرکت کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کرکٹ، آرچری، بیس بال، ایتھلیٹکس، باکسنگ، کبڈی، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ اور ہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے ۔لاہور سمیت تمام اضلاع اور پولیس یونٹس کے کھلاڑی حصہ لیں گے ۔چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بتایا ضلعی، ریجنل، یونٹ اور بین الصوبائی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانیوالے کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ہر کھیل کی پاکستان پولیس ٹیم تشکیل دی جائیگی۔ پولیس کی ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گی، باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیموں میں جگہ بنانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائینگے ۔ پولیس کا سپورٹس کیلنڈر اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ منسلک ہے ،تمام اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا تاکہ بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لا کر پولیس کے کھیلوں کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...