پیپلز پارٹی کی مہنگے آٹے ،پٹرول،ایل پی جی کیخلاف ریلی
وزیر اعلیٰ پنجاب ایل پی جی مافیا کو لگام ڈالنے کیلئے موثر اقدامات کریں:فیصل میر
لاہور (آن لائن)پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کی زیر قیادت ایل پی جی ، آٹے اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔پیپلز پارٹی لاہور کے نامزد سیکرٹری اطلاعات مجید غوری، عامر نصیر بٹ، افراز نقوی، وارث جوئیہ، انیسہ بانو، عباس شاہ اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی لاہور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر فیصل میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایل پی جی مافیا کو لگام ڈالنے کیلئے فوری موثر اقدامات کریں۔ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخوں پر فروخت عوام کی جیبوں پر بوجھ ہے جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ایل پی جی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے ۔ فیصل میر نے مطالبہ کیا کہ گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سوئی گیس کی بلا طعطل فراہمی پورے پریشر کے ساتھ کی جائے تاکہ ایل پی جی کی ڈیمانڈ میں کمی آ سکے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو پیپلز پارٹی سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج اور دھرنا دے گی۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کی من مانیاں اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments