سانحہ کارساز کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ملک بھر کی طرح ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی خانیوال رانا خالد محمود ایڈووکیٹ کے آفس میں سانحہ کارساز 18 اکتوبر 2007 کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
صدارت مہر مظفر سیال ایڈووکیٹ نے کی ، سٹیج سیکرٹری کے فرائض جام سجاد جونہ ایڈوکیٹ نے ادا کیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری رانا خالد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ سانحہ کارساز پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کے لیے سازشوں کی ایک کڑی تھی۔ اس سانحہ کے شہداء نے اپنے خون سے ایک نئی تاریخ رقم کی، یہ دھماکے دراصل بینظیر بھٹوکو راستے سے ہٹانے کے لیے کیے گئے تھے لیکن قدرت نے ان کو محفوظ رکھا اور جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان نادیدہ قوتوں نے آخر کار 27 دسمبر 2007 کو محترمہ کو شہید کر دیا لیکن وہ نادیدہ قوتیں عوام کے دلوں سے پیپلز پارٹی کی محبت کو ختم نہ کر سکیں، آج شہید رانی کا لخت جگر اپنی والدہ کے ادھورے پروگرامز کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے ، اس نے پیپلز پارٹی میں نئی روح پھونک دی ہے ، اللہ تعالی کی مہربانی سے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے جو عوام کو اور کسانوں کو اس مہنگائی، لوٹ کھسوٹ اور چور بازاری سے نجات دلائیں گے ۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے بلندی درجات کے لیے دعا کروائی گئی۔دعائیہ تقریب میں تحصیل جنرل سیکرٹری مہر مظہر رخسار سیال ایڈووکیٹ، محمد مقبول چوہدری ایڈووکیٹ، محمد الطاف جنجڑ ایڈووکیٹ، مصعب کیانی ایڈووکیٹ، ملک ممتاز حسین ایڈووکیٹ،شاہد رضا باٹی ایڈووکیٹ، محمد محسن ایڈووکیٹ، راؤ مہروز خان ایڈووکیٹ، مہر شہزاد ایڈووکیٹ، بلال حسین فدا ایڈووکیٹ، محمد رضوان ایڈووکیٹ، قاضی تحمید ایڈووکیٹ، رانا انصر علی ایڈووکیٹ، محمد صدیق نمبردار، تحصیل جنرل سیکرٹری راؤ ساجد رفیق اور محمد کاشف شریک تھے ۔