خصوصی بچوں کے سکولز کو مزید بہتر بنایا جائیگا:ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’تعلیم دوست مشن‘‘ کے تحت تعلیمی اداروں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے اچانک گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول کا دورہ کیا اور اساتذہ و طالبات کی حاضری، تعلیمی سہولیات اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول میں تعلیمی سہولیات، لانز اور مجموعی حالت بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ۔انہوں نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول کا دورہ کیا، جہاں خصوصی بچوں کے ساتھ گھل مل کر تعلیمی استعداد کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور خصوصی بچوں کے سکولز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ بچوں کی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنائیں۔