وہاڑی میں شہری سہولیات کی بہتری کیلئے عملی اقدامات تیز

وہاڑی میں شہری سہولیات کی بہتری کیلئے عملی اقدامات تیز

تجاوزات کا خاتمہ ، مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کرایا جائیگا،اے سی انعم اکرم

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی)اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم نے کہا ہے کہ میونسپل حدود میں صفائی ستھرائی، سیوریج لائنز کی درستگی، مین ہولز پر ڈھکنوں کی موجودگی اور آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے انتظامیہ ہر وقت متحرک ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ فوری حل ممکن بنایا جا سکے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کے پی آئی انیشیٹو پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے ۔ ریڑھی بازار کو فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ریڑھیوں کیلئے مخصوص حدود مقرر کر کے بازاروں اور سڑکوں کو کشادہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مغربی ریلوے پھاٹک کے اطراف تجاوزات کے فوری خاتمے ، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے ، لینڈ ریکارڈ اور یونیورسٹی کے سامنے موجود جنگلات کی بہتری کیلئے کٹائی، صفائی اور گزرگاہوں کی تیاری کی بھی یقین دہانی کرائی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ خواتین کیلئے مخصوص چاندنی پارک کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنا کر مہنگائی پر قابو پایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ خورشید انور سٹیڈیم دوبارہ تمام کھیلوں کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔

 ون ڈش قانون پر عملدرآمد کو معاشرتی توازن کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے سول سوسائٹی سے تعاون کی اپیل کی گئی۔جوائے لینڈ اور شادی ہالز سے واگزار کروائی گئی قیمتی سرکاری اراضی کے بہتر استعمال اور نیلامی پر بھی غور جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں