ٹریفک پولیس کے رویے پر وکلا ء کا شدید احتجاج
ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کا غیر قانونی چالانوں اور بدسلوکی پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وہاڑی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے وکلا کے ساتھ ناروا رویے اور بار بار غیر قانونی چالانوں پر ڈسٹرکٹ بار وہاڑی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈسٹرکٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس کی صدارت صدر چودھری محمد شعبان ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ جنرل سیکرٹری چودھری عمر فاروق ایڈووکیٹ نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایڈووکیٹ راؤ ریحان کی گاڑی کا 72 گھنٹوں میں دو مرتبہ ناجائز چالان کیا گیا، جبکہ چودھری علی رضا ایڈووکیٹ کے ساتھ بھی بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد مذمت منظور کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک کو تنبیہ کی گئی کہ وکلا کے ساتھ عزت و احترام کا رویہ اختیار کیا جائے ۔ڈسٹرکٹ بار نے ڈی پی او، آر پی او اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر وکلا تنظیم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو گی۔