سرکاری اراضی پرقبضہ چھڑانے والے ریونیو عملہ پرحملہ، دھمکیاں
تحصیل دار چوک سرور شہید کی رپورٹ پر 22ملزموں کے خلاف مقدمہ درج
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سرکاری اراضی پرقبضہ کے خلاف کارروائی کے دوران ریونیو عملہ پرحملہ، دھمکیاں، مقدمہ درج،اس بارے تفصیل کے مطابق چوک سرورشہیدکے علاقہ میں سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیرات کے خلاف کارروائی کے دوران ریونیو عملہ کو مزاحمت، دھمکیوں اورتشدد کا سامنا کرنا پڑا،گرداورحلقہ محمد شاہد آرائیں کی درخواست کے مطابق وہ پٹواری حلقہ کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو ڈیرہ غازیخان کے حکم امتناہی پرعملدرآمد کرانے کیلئے چک نمبر 548 ٹی ڈی اے میں ادارہ ترقیاتی تھل کی ملکیتی 14 کنال اراضی پر پہنچے جہاں پولیس نفری بھی موقع پرموجود تھی،اس موقع پررحمت شاہ اورگلبدین پسران عبدالرحمٰن ودیگر20نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مزدوروں سے تعمیراتی کام کروا رہے تھے ،جب انہیں حکم امتناہی سے آگاہ کرتے ہوئے کام روکنے کا کہا گیا تو ملزم طیش میں آ گئے اور پٹواری حلقہ محمد عمران سعید کو گربیان سے پکڑ کر گالم گلوچ کی،جان سے مارنے اور گولی مارنے کی دھمکیاں دیں،دوبارہ موقع پرآنے کی صورت میں سنگین نتائج کی وارننگ دی،اس دوران پٹواری حلقہ کے پاس موجودپلس پروجیکٹ کی سرکاری مثلہ جات بھی چھین لی گئیں جبکہ ملزموں نے حکم امتناہی کے باوجود ناجائز تعمیراتی کام جاری رکھا،پولیس نے تحصیل دار چوک سرور شہید کی رپورٹ پر رحمت شاہ، گلبدین شاہ اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔