میلسی :ایک روز میں 100 سے زائد آوارہ کتے تلف
میلسی، دوکوٹہ (نامہ نگار، نمائندہ دنیا) تحصیل بھر میں آوارہ کتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔۔
، جن کے نتیجے میں ایک روز میں ایک سو سے زائد آوارہ کتوں کو تلف کر دیا گیا۔ یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد کی خصوصی ہدایت پر ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں مشترکہ طور پر انجام دی۔اسسٹنٹ کمشنر میلسی نے بتایا کہ کارروائیوں کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں نے مربوط حکمت عملی کے تحت آوارہ کتوں کی موجودگی والے مقامات کو ہدف بنایا اور فوری کارروائی کی۔ دوکوٹہ کے نواحی چک نمبر 149 ڈبلیو بی، بستی ٹیلاں والی کی رہائشی معمر خاتون نذیراں بی بی آوارہ کتوں کے حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں جس کے بعد مذکورہ علاقے میں مزید 64 کتوں کو تلف کیا گیا اور 15 کو دوائی دی جا چکی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ہر شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہری تعاون کے بغیر اس مہم کی کامیابی ممکن نہیں۔